لاہور(ڈیلی پوائنٹ)پاکستان کے معروف یوٹیوبر عون علی اپنے گھر پہنچ گئے ہیں. گزشتہ دنوں پہلے یوٹیوبر عون علی کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا. لاہور ہائی کورٹ نے عون علی کو بازیاب کروانے کا حکم جاری کیا تھا.
عون عرلی کھوسہ کی وکیل خدیجہ صدیقی نے عون عرلی کھوسہ کی گھر واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’خوش آمدید، اللہ آپ کی حفاظت کرے‘۔واضح رہے کہ 15 اگست کو بجلی کے بھاری بلوں کے حوالے سے ”بل بل پاکستان“ گانا بنانے والے معروف یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو مبینہ طور نامعلوم افراد کی جانب سے حراست میں لے لیا گیا تھا.
جبکہ ان کے یوٹیوب چینل سے مذکورہ گانا بھی ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔درج کی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن میں کہا گیا تھا کہ 15 اگست رات 2 بجے نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور عون کھوسہ کو اغوا کر کے لے گئے، نامعلوم افراد، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور کیمرہ بھی ساتھ لے گئے۔