لاہور( ڈیلی پوائنٹ )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مزید 11 ویمن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کانٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد ڈومیسٹک کانٹریکٹ حاصل کرنے والی ویمن کرکٹرز کی تعداد 80 ہو گئی۔
پی سی بی کی جانب سے 11 ویمن کرکٹرز میں انڈر 19 کی 10 اور 1 ایمرجنگ کرکٹر شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق انڈر 19 کرکٹرز میں سے ڈومیسٹک کانٹریکٹ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب مریدکے میں ہونے والے ویمن انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران کیا گیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کانٹریکٹ دیے گئے ہیں ان میں اقصیٰ یوسف، عریشہ انصاری، حمیرا غلام حسین، کائنات ایمان، میمونہ خالد، مبین احمد، مقدّس بخاری، مسکان عابد، صبا شیر، سمیعہ افسر، اور شمیر راجپوت شامل ہیں۔
اس حوالے سے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ مزید ویمن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کانٹریکٹ دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے، ان کرکٹرز نے حال ہی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس عمل سے پاکستان میں ویمنز کرکٹ کو فروغ ملے گا۔