لاہور(سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ان کا پاکستان کے موجودہ حالات سے کوئی تعلق نہیں دو ہفتے بعد وہ وطن واپس آئیں گے۔
سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثاقب نثار کو ’عمران خان کا سہولتکار‘ قرار دیا تھا، جبکہ فیض حمید کے بعد ثاقب نثار کی گرفتاری کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں۔
جس کے جواب میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب نثار نے کہا کہ میرے حوالے سے من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی طے شدہ مصروفیات کے تحت سات اگست کو لندن پہنچا تھا، ہر سال تین ہفتے ملک سے باہر گزارتا ہوں، لندن کے بعد اسکاٹ لینڈ اور ناروے بھی جاؤں گا، دو ہفتوں کے بعد وطن واپسی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو اللہ ہدایت دے۔