الیکشن میں مبینہ دھاندلی ،پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر جاری کردیا

اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وائٹ پیپر جاری کردیا۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے پریس کانفرنس کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ انتخابی نتائج میں تبدیلی کرکے ہمیں شکست دی گئی، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، 300 پیپرز پر مبنی وائٹ پیپر جاری کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 180 نشستیں جیتی ہے، الیکشن ٹربیونلز میں پٹیشنز دائر کرچکے ہیں، الیکشن کمیشن جلد از جلد ہماری پٹیشن کو نمٹائے، ہمارامطالبہ ہےکہ الیکشن ریفارمزکی جائیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے کہا کہ ہم دھاندلی کی نشاندہی بارہا کرچکے ہیں، ہمیں فارم 47 کے ذریعے شکست دی گئی، ہمارے پاس تمام فارمز 45 موجود ہیں۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کو 100 ووٹس کو 1100 کیا گیا، چیف الیکشن کمیشن کو فوری مستعفی ہونا چاہیئے، عوام کی امانت میں خیانت کی گئی ہے، پولیس وردی میں ملوث افراد نے میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کیا۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ہمیشہ الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے، ہم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانے کی کوشش کی، ہم نےآوورسیز پاکستانیوں کو حق دینے کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام شفاف اور وقت پر الیکشن کروانا ہے، اسمبلی ختم ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن ہونا تھے، 90 دن میں انتخابات نہ کروا کر آئین کو توڑا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے انتخابی نشان چھینا گیا، انتخابی نشان چھیننے سے بڑا کوئی ظلم نہیں، انتخابی نشان نہ ملنے کے باوجود بڑی کامیابی حاصل کی۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو 3 کروڑ سے زائد ووٹ دیے، ووٹ کسی اور کو دینا عوام کے ساتھ ظلم ہے، حکومت کے پاس اخلاقی طور پر حق حکمرانی نہیں، ہم عوام کے سامنے تمام حقائق رکھنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں