مری(ڈیلی پوائنٹ)مری میں ایک رات میں ایک فٹ سے زیادہ برفباری کے بعد سیاحوں کا سیلاب امڈ آیا۔مری میں ہونے والی برف باری کے باعث مختلف مقامات پر سیاح پھنس گئے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنز مری کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام جاری ہے، متعدد فیملیز کو ریسکیو کر لیا گیا ہے اور مزید کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سی ٹی او راولپنڈی شدید سردی اور برفباری کے سبب مری آنے والے سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرچکے ہیں۔
سی ٹی او کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا تھاکہ برفباری کے دوران سیاح گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں اور اپنے ساتھ گرم لباس بھی لازمی رکھیں، سیاح اپنی گاڑی کے ٹائر پر چین چڑھا لیں تاکہ سلپ ہونے سے بچا جا سکے اور اپنی گاڑیوں کو مناسب جگہ پارک کریں۔
سی ٹی او نے سیاحوں کو برفباری کے دوران روڈ پر کھڑے ہو کر سیلفیاں لینے سے بھی منع کیا ہے.یہ بھی یاد رہے کچھ عرصہ قبل مری میں لوگ کثیر تعداد میں آئے تھے جس میں جانی اور مالی نقصان بھی ہوا تھا.