کے پی میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور(ڈیلی پوائنٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے دور دراز علاقوں کے مریضوں کی سہولت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو بڑے اسپتالوں تک پہنچانے کے لیے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
متعلقہ حکام کو آئندہ چار ماہ میں یہ سروس عملی طور پر شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر برائے صحت سید قاسم علی شاہ کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری امجد علی خان، سیکریٹری صحت محمود اسلم، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت، چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت کارڈ پلس ڈاکٹر ریاض تنولی اور محکمہ صحت کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کے گنجان آباد علاقوں کے لیے موٹر بائیک رسپانس یونٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ رسپانس یونٹس گنجان آباد مقامات میں ہنگامی صورتحال میں بروقت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لیے فرسٹ ایڈ سروس کے طور پر کام کریں گے جبکہ مذکورہ یونٹس طبی آلات اور ضروری ادویات سے لیس ہوں گے۔
پشاور کے علاقے حیات آباد کو ہیلتھ کیئر سٹی ڈکلیئر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ہیلتھ سٹی ڈکلیئر کرنے کا مقصد ملکی اور غیر ملکی مریضوں کو علاج معالجے کی تمام تر جدید سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں، صوبے کے سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کو بڑھانے اور ہیلتھ سروس ڈیلیوری کی مانیٹرنگ اور بہتری کے لیے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیور یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اسی طرح صوبے کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں بزرگ شہریوں کے لیے ایگزیکٹیو ہیلتھ چیک اَپ پروگرام بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا ہر تین ماہ بعد مفت چیک اَپ کیا جائے گا جبکہ اس مقصد کے لیے صوبے کے مذکورہ بالا سرکاری اسپتالوں میں الگ ڈسک اور عملہ مختص کیا جائے گا۔ بزرگ شہریوں کے مفت چیک اپ میں لیب ٹیسٹ، سٹی اسکین، ایم آر آئی، ایکسرے، ایکو اور ای سی جی وغیرہ بھی شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں