لاہور(ڈیلی پوائنٹ)ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک نے پہلی بار انسانی دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ایلون مسک نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 28 جنوری کو نیورالنک نے پہلے انسان کے دماغ میں چپ نصب کی۔
ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ جس فرد کے دماغ میں چپ کو نصب کیا گیا، وہ صحتیاب ہو رہا ہے۔خیال رہے کہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے کمپنی کو گزشتہ سال انسانوں کے دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کرنے کے کلینیکل ٹرائل کی اجازت دی تھی۔
ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ چپ کے ابتدائی نتائج بہترین ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس چپ کی مدد سے لوگ اپنے خیالات کے ذریعے لگ بھگ ہر ڈیوائس کو استعمال کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں یہ چپ ہاتھوں پیروں کو استعمال کرنے سے معذور افراد کے دماغ میں نصب کیا جائے گا۔