لاہور(ڈیلی پوائنٹ)جلیبی چارٹ کیسے بنائیں؟
درکار اجزاء: میدہ ایک کلو، اڑد دال ۲۰۰؍ گرام (دھو کر پسی ہوئی)، دیسی گھی آدھا کپ، بیکنگ سوڈا ڈیڑھ چھوٹے چمچے، پانی 3 کپ، تیل تلنے کے لئے، پودینے کی چٹنی 2 بڑے چمچے، اِملی کی چٹنی 4 بڑے چمچے، میٹھی دہی3 بڑے چمچے، نمک ایک چٹکی، لال مرچ پاؤڈر حسب ِ ضرورت، چاٹ مسالہ ایک چٹکی، ہرا دھنیا اور ہری مرچ تھوڑی سی باریک کٹی ہوئی۔
بنانے کا طریقہ: ایک پیالے میں میدہ اور بیکنگ سوڈا ملائیں۔ دیسی گھی ڈال کر ملائیں۔ اس میں پسی ہوئی اڑد دال اور پانی ملا لیں۔ اسے ڈھانک کر آدھے گھنٹے کے لئے رکھیں۔ ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کریں۔ اس درمیان میدے کا آمیزہ جلیبی کے سانچے یا پائپنگ بیگ میں بھریں۔ بڑے اور چوکور کپڑے کو گلاس پر رکھیں اور بیچ کا حصہ گلاس کے اندر ڈالیں۔ کپڑے میں جلیبی کا آمیزہ بھریں اور کپڑے کی کناریوں سے پکڑتے ہوئے کون جیسی پوٹلی بنائیں۔ نیچے نوک والا حصہ تھوڑا سا کاٹ لیں۔ اب گرم تیل میں اس کی جلیبیاں بنائیں۔ اسے کرکری اور سنہری ہونے تک تلیں۔ جلیبیاں کو ایک برتن میں رکھیں۔ اوپر سے پودینہ اور اِملی کی چٹکی، ہری مرچ، نمک، لال مرچ پاؤڈر اور چاٹ مسالہ ڈال اوپر نیچے خوب اچھے سے ملائیں۔ ان جلیبی کو الگ الگ پلیٹ میں رکھیں۔ اوپر سے دہی، سیو اور ہرا دھنیا ڈال کر پیش کریں۔ گھر میں سبھی انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے۔