جماعت اسلامی کا حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں شمولیت کافیصلہ

لاہور(ڈیلی پوائنٹ )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے پشتونخوا میپ (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے منصورہ میں ملاقات کرکے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں آئین کی بالادستی کے لئے تحریک چلا رہے ہیں، ہمارا مقصد صرف چہروں کی تبدیلی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہوا چل پڑی ہے، ہم نے ایسا اتحاد بنانے کی کوشش کی جس پر اپوزیشن متحد ہو سکے، ہم آئین کا تحفظ کریں گے، آئین کو کاغذ کا ٹکڑا نہ سمجھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 مئی کو آئین کے تحفظ کے لیے سیمینار منعقد کریں گے، جماعت اسلامی بھی اس سیمینار میں شرکت کرے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ تحفظ آئین اتحاد کے وفد کا شکر گزار ہوں، بدقسمتی سے ملک میں آئین کو باربار پامال کیا گیا۔
حافظ نعیم نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ فارم سینتالیس پر آنے والی حکومت قابل قبول نہیں، ملک بحرانوں میں پھنسا ہوا ہے، ہر ایک کو آئین پر عمل درآمد کرنا چاہئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں