میانوالی(ڈیلی پوائنٹ) پاکستان آج ایک اور بڑی تباہی سے بچ گیا۔دشمن آج بھی ملک پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہا۔ میانوالی سیکیورٹی فورسز نے پاک فضائیہ کے ٹریننگ ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیاہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر ایک ناکام دہشت گرد حملہ ہوا جسے الحمدللہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جواب کی بدولت ناکام بنا دیا گیا۔اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیاہے۔
غیر معمولی جرأت اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس میں داخل ہونے کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تاہم حملے کے دوران پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے تین طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو بھی کچھ نقصان پہنچا، علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے ایک جامع مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسے ہی ملک کی حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔