Punjab mian juld chutia dyny py ghor

شدید گرمی کا خطرہ پنجاب کے سکولوں میں جلد چھٹیاں دینے پر غور

لاہور(ڈیلی پوائنٹ)شدید گرمی کے پیش نظر پنجاب کے سکولوں میں جلد چھٹیاں دینے پر غور کیا جانے لگا ہے.شدید گرمی کی وجہ سے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن اور صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے مختلف محکموں کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیاہے کہ اسکولوں کے اوقات میں ردوبدل اور زیادہ گرمی کی صورت میں موسم گرما کی چھٹیوں کا جلد اعلان کیا جائے۔مراسلے میں مزید کہا گیا کہ شدید گرمی کے دوران اسکولوں اور کالجز میں بلا تعطل صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ بچوں کو واضح ہدایات کی جائیں کہ ہلکے، ڈھیلے ڈھالے کپڑے استعمال کریں اور عارضی طور پر آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ اسی طرح کلاس رومز کی وینٹیلیشن، پنکھے اور کولنگ سسٹم کو بھی فعال رکھا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے مراسلے میں مزید کہا کہ اسکولوں میں ابتدائی طبی امداد کاؤنٹرز قائم کیے جائیں اور ہیٹ ویو بارے تربیت یافتہ اسٹاف کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں