siasi jamatain zabta ikhlaq ko yaqeemi banaye

سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کو یقینی بنائیں، الیکشن کمشنر پنجاب

لاہور(ڈیلی پوائنٹ) الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے یہ سخت احکامات ہیں کہ کہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی غفلت اور کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیاسی جماعتیں اور امیدواران انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور اپنے کارکنان کو بھی امن و امان قائم رکھنے کی ہدایات جاری کریں گے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ پولنگ عملے کی تربیت یکم فروری تک مکمل کر لی گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں28 ہزار 2 سو 97 نارمل پولنگ اسٹیشن15 ہزار 6 سو 17 حساس
6 ہزار 40 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔انتہائی حسا س پولنگ اسٹیشنز کے ہر بوتھ پر CCTVکیمرے کی تنصیب آج مکمل کر دی جائے گی۔ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور تما م ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو اضلاع میں ترسیل کی جا چکی ہے۔ کل تمام ریٹرننگ افسران بیلٹ پیپرز کے ساتھ انتخابی مواد پریذائیڈنگ افسران کو موصول کرا دیں گے اور پولنگ اسٹیشن تیا ر کر دیئے جائیں گے۔ انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ پنجاب میں پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور پاک آرمی کے جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ رجسٹرڈ ووٹرزاور پولنگ سکیم کا ڈیٹا 8300ایس ایم ایس سروس میں اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہمیشہ کو شش رہی ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل کو بہتر سے بہتر کیا جائے۔ اور اس سلسلے میں بہت سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ خصوصاًموجودہ مینجمنٹ اور خاص طور پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پاکستان کے انتخابی نظام کو بہتر بنانے اور جنرل الیکشن 2024 ء کو بہترین انداز میں منعقد کرانے کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ جس میں باہمی رابطہ اور مانیٹرنگ کا جامع نظام شامل ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے ٹرن آؤٹ کو بڑھانے کیلئے بھی مختلف اقدامات کئے۔ صوبہ پنجاب کی نگران حکومت اور سرکاری مشینری کا الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عوامل کی مانیٹرنگ کیلئے مربوط نظام مرتب کیا ہے۔جس کے تحت انتخابی مہم اور انتخابات کی تیاریوں کی مکمل مانیٹرنگ جاری ہے۔ اس نظام کے تحت ٹیلی فون، واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے عوام الناس کی موصول ہونے والی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سنٹرل لیول پر ایک مرکزی کنٹرول روم جبکہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی کنٹرول روم قائم کئے جو کہ الیکشن پروگرام کے اجراء کے بعدسے لے کر اب تک مکمل طور پر فعال ہیں۔
میڈیا کیلئے صوبائی سطح پر لاہور میں رزلٹ ڈسپلے کیلئے الیکشن سٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
سینئر صحافی ساجد خان کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواران کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ پنجا ب میں پر امن،صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی قسم کا خلل ڈالنے والے کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور قانون حرکت میں آئے گا لہٰذا الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری کی جائے۔
الیکشن کمیشن پر امن،صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھے گا اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی واضح ہدایات ہیں کہ پر امن انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن تمام عمل کی مکمل نگرانی کر رہا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے عوام الناس سے یہ اپیل کی کہ وہ 8فروری کو ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے گھروں سے نکلیں۔ انہیں ایسا ماحول مہیا کیا جائے گا کہ وہ بآسانی پر امن طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیا دی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں