لاہور(ڈیلی پوائنٹ)پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم کے لیے جامع پلان مرتب کرلیاہے۔ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ترتیب دیے گئے پلان کے تحت پارٹی کے تمام حلقوں کے امیدواروں کی نشان کے ساتھ حتمی فہرست جاری کی جائےگی جب کہ ڈویژن سطح پر دیرینہ کارکن کو کوآرڈینیٹر مقررکیا جائے گا۔
پلان کے تحت پارٹی کا کوآرڈینیٹر پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں ویڈیو بیان جاری کرے گا لہذا منصوبے کے تحت سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو سینٹرل پنجاب میں کوآرڈینیٹر مقررکرنے کی ذمہ داری سونپی جائےگی۔
منصوبےکے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب تمام کوآرڈینیٹرز کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف سے سپریم کورٹ آف پاکستان نے انتخابی نشان بلا چھین لیا تھا کیونکہ فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن جمہوری طریقے سے نہیں کروائے اس لیے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کر دیا گیا.