کس پارٹی نےخواتین کوسب سے زیادہ ٹکٹ دیئے،رپورٹ جاری

اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )الیکشن واچ ڈوگ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے عام انتخابات کیلئے جنرل نشستوں پر خواتین امیدواروں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شیڈیول کیے جانے والے انتخابات کی تیاریاں اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے مرد اور خواتین امیدوار سیاسی میدان میں معرکہ مارنے کے لیے پر عزم دکھائی دے رہے ہیں۔
عام انتخابات 2024 میں خواتین امیدوار بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی رپورٹ کی جانب سے جنرل نشستوں پر عام انتخابات میں حصہ لینے والی خواتین امیدواروں سے متعلق جائزہ رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
فافن کے مطابق8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 6 کروڑ کے لگ بھگ خواتین ووٹ دے سکتی ہیں، ان کے یہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے 111 سیاسی جماعتوں کی 275 خواتین امیدوار عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
فافن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین امیدوار قومی اور و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر نامزد 6037 امیدواروں کا 4.6 فیصد ہیں۔
فافن کا یہ تجزیہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابی امیدواروں کے فارم 33 کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق قانون کا تکنیکی اطلاق جنرل نشستوں پر کم ازکم 20 امیدوار نامزد کرنے والی جماعت پر ہوتا ہے۔کل 111 سیاسی جماعتوں میں سے 30 نے 5 فیصد سے زائد خواتین امیدوار نامزد کی ہیں۔
فافن رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین نے 4.50 فیصد، مسلم لیگ ن نے 4.89 فیصد خواتین جبکہ جماعت اسلامی نے 3.70 فیصد خواتین کو جنرل نشست پر ٹکٹ دیے ہیں۔
اس کے علاوہ جے یو آئی ف نے خواتین امیدوار کو جنرل نشستوں پر 4.17 فیصد ،اے این پی نے 3.96 اور ایم کیو ایم پاکستان نے 5.76 فیصد خواتین کو ٹکٹ دیے۔
فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی نے 1.28 فیصد،جی ڈی اے نے 14.95 فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو دیے ہیں۔
اسی طرح بی این پی نے 4.84،نیشنل پارٹی نے 12.37، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے 1.85 فیصد اور بلوچستان عوامی پارٹی نے الیکشن لڑنے کے لیے 7.89 فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں